اسلام آباد: (یکم مئی 2020) ملک بھر میں جاری لاک ڈاؤن کے پیش نظر مہنگائی میں کمی کا سلسلہ جاری ہے۔ قومی ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مارچ کے مقابلے میں اپریل میں مہنگائی کی شرح میں صفر اعشاریہ آٹھ فیصد کمی ہوئی۔
رمضان کی آمد کے باوجود اپریل میں مہنگائی کی شرح میں کمی ہوئی۔ اسلام آباد میں وفاقی ادارہ شماریات کی طرف سے جاری اعدادوشمار کے مطابق اپریل 2019ء سے اپریل 2020ء تک مہنگائی کی شرح 8.5 فیصد رہی اور جولائی 2019ء سے اپریل 2020ء تک مہنگائی کی شرح 11.22 فیصد رہی۔
ادارہ شماریات کے مطابق اپریل میں دال مسور کی قیمت میں 27.5 فیصد، دال مونگ 23.1 فیصد، تازہ پھل 17.7 فیصد، انڈے 14.1 فیصد، دال ماش 14 فیصد، دال چنا 11 فیصد، بیسن 8 فیصد، چنے 4.4 فیصد اور چینی 2.5 فیصد مہنگی ہوئی۔ جبکہ اپریل میں پیاز کی قیمت میں 23 فیصد، چکن 22 فیصد اور ٹماٹر 11 فیصد کی کمی ہوئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال میں دال مونگ کی قمیت میں 101 فیصد، آلو 92 فیصد، دال ماش 68 فیصد، دال مسور 48 فیصد، انڈے 44 فیصد، پیاز 40 فیصد، دال چنا 31 فیصد، چینی 28 فیصد، گھی 26 فیصد، کوکنگ آئل 22 فیصد، گندم 17 فیصد مہنگے ہوئے۔ ایک سال میں گیس بل میں 55 فیصد، تعمیراتی سامان 16.6 فیصد، گاڑیاں 14 فیصد، ادویات 13 فیصد، جوتے 11.5 فیصد اور گاڑیوں کا سامان 11 فیصد مہنگا ہوا۔
واضح رہے کہ رواں سال مارچ میں مہنگائی کی شرح 10.24 اور جولائی سے مارچ کے دوران مہنگائی کی شرح 11.53 فیصد ریکارڈ کی گئی تھی۔
