آج ملک بھر سے کورونا کے مزید 966 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں اور 30 ہلاکتیں بھی سامنے آئی ہیں
ملک میں آج اب تک کورونا وائرس سے مزید 30 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 391 ہوگئی جب کہ نئے کیسز سامنے آنے سے مصدقہ مریضوں کی تعداد 17439 تک جا پہنچی ہے۔
اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 146 افراد انتقال کر چکے ہیں جب کہ سندھ میں 118 اور پنجاب میں 106 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔
اس کے علاوہ بلوچستان میں 14، اسلام آباد 4 اور گلگت بلتستان میں 3 افراد مہلک وائرس کے باعث جاں بحق ہو چکے ہیں۔
آج کے کیسز کی صورتحال
آج بروز جمعہ ملک بھر سے اب تک کورونا کے مزید 966کیسز سامنے آچکے ہیں اور 30 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جن میں سندھ سے 622 کیسز 6 ہلاکتیں، خیبرپختونخوا 314 کیسز اور 24 ہلاکتیں اور اسلام آباد سے 30 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
سندھ
صوبے میں آج کورونا کے مزید 622 نئےکیسز رپورٹ ہوئے اور 6 ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ نے کی۔
وزیراعلیٰ نے بتایا کہ نئے کیسز کے بعد صوبے میں کورونا کے مجموعی مریضوں کی تعداد 6675 اور ہلاکتیں 118 ہوگئی ہیں۔
مراد علی شاہ کے مطابق مزید 73 مریض صحت یاب ہو کر گھروں کو چلے گئے جس کے بعد صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1295 ہوگئی ہیے۔
خیبرپختونخوا
خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے جمعرات 30 اپریل کو کورونا وائرس کے اعداد و شمار جاری نہیں کیے گئے تھے تاہم آج جمعہ کو جاری اعداد و شمار میں مزید 314 کیسز اور بڑی تعداد میں 24 ہلاکتیں رپورٹ کی گئی ہیں۔
صوبائی وزیر صحت تیمور جھگڑا نے صوبے میں نئے کیسز اور ہلاکتوں کی تصدیق کی۔
خیبرپختونخوا میں کوروناکے مجموعی کیسز کی تعداد 2627 اور ہلاکتیں 146 ہوچکی ہیں جب کہ صوبے میں اب تک کورونا سے 654 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت میں آج کورونا وائرس کے مزید 30 کیسز سامنے آئے ہیں جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔ پورٹل کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 343 ہوگئی ہے جب کہ شہر میں وائرس سے اب تک 4 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
پنجاب
پنجاب سے جمعرات کو کورونا کے مزید 513 کیسز سامنے آئے اور 6 ہلاکتیں بھی رپورٹ ہوئیں۔
صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کے مطابق صوبے میں کورونا سے متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 6340 اور ہلاکتیں 106 ہوگئی ہیں۔
پنجاب میں اب تک کورونا سے صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 1921 ہوگئی ہے۔
بلوچستان
بلوچستان میں جمعرات کو کورونا کے مزید 75 کیسز سامنے آئے جس کی تصدیق صوبائی محکمہ صحت کی جانب سے کی گئی۔
محکمہ صحت کےمطابق صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 1049 ہوگئی ہے جب کہ 14 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
بلوچستان میں اب تک کورونا وائرس سے 183 افراد صحت یاب بھی ہوگئے ہیں۔
گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں جمعرات کو کورونا کے 6 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد 339 تک پہنچ گئی۔