کینسر کے باعث انتقال کر جانے والے بھارتی اداکار عرفان خان کے انتقال کے 2 روز بعد مداحوں کیلئے ان کی فیملی کی جانب سے ایک جذباتی بیان سامنے آیا ہے۔
عرفان خان نے پسماندگان میں اہلیہ ستاپا سکدر اور 2 بیٹوں بابل اور ایان کو چھوڑا ہے۔
اداکار کی اہلیہ نے کہا کہ میں اسے فیملی کا بیان کیسے کہہ سکتی ہوں جبکہ پوری دنیا عرفان کے انتقال کو ذاتی نقصان قرار دے رہی ہے۔ میں اکیلا کیسے محسوس کرسکتی ہوں جب کہ لاکھوں لوگ ہمارے ساتھ افسردہ ہیں۔ میں یہ یقین دلانا چاہتی ہوں کہ یہ کچھ کھونا نہیں بلکہ پانا ہے، ان چیزوں کا پانا جو عرفان ہمیں سکھا گئے۔
اہلیہ کے مطابق ہمارے لیے یقین کرنا مشکل ہے لیکن یہاں میں عرفان کے الفاظ استعمال کروں گی ’’یہ جادوئی ہے‘‘۔
ستاپا نے عرفان خان کے بہترین شوہر ہونے کا بتاتے ہوئے لکھا کہ ’’مجھے صرف یہ شکوہ ہے کہ انہوں نے مجھے بگاڑ دیا، ان کے اعلی معیار مجھے عام چیزوں سے مطمئن نہیں ہونے دیتا۔ وہ بےہنگم اور بےترتیبی میں بھی ایک ردھم دیکھتے تھے۔ اور میں نے اسی ردھم کی موسیقی پر ڈانس کرنا سیکھ لیا۔ ہماری زندگی اداکاری میں ماسٹر کلاس تھی اور جب اس میں ان چاہے مہمانوں کی آمد ہوتی تو میں بےترتیبی میں بھی ردھم دیکھ لیتی‘‘۔
عرفان کے علاج کے دوران بہترین طریقے سے ساتھ دینے پر ستاپا نے ڈاکٹرز کا بھی شکریہ ادا کیا۔
شوہر کے علاج کے عرصے خوشی و دکھ سمیت مختلف کیفیات سے تشبیہہ دیتے ہوئے ستاپا نے اس سفر کو بیان کرنا مشکل قرار دیا۔ انہوں نے لکھا ’’ہماری شادی، شادی نہیں ایک اتحاد تھا۔ میں اپنی فیملی کو ایک کشتی میں سوار دیکھتی جس کے دونوں چپو میرے بیٹوں ایان اور بابیل کے پاس ہیں اور عرفان کی رہنمائی کر رہے ہیں کہ یہاں نہیں وہاں سے مڑو، لیکن زندگی سینما نہیں نہ یہاں ری ٹیکس ہیں۔ دعا ہے کہ میرے بیٹے والد کی رہنمائی ذہن میں رکھتے ہوئے کسی بھی قسم کے طوفان سے بچتے ہوئے اس کشتی کو کامیابی سے چلائیں‘‘۔
عرفان خان کی اہلیہ نے شوہر کی یادیں تازہ کرتے ہوئے عرفان خان کے پرستاروں کی بےپناہ محبت پر انہیں بھی فیملی کا حصہ قرار دیا۔
