اسلام آباد میں کرونا وائرس کے باعث جیل کے قیدیوں کومزید 9 مئی تک عدالتوں میں پیش نہیں کیا جائے گا۔
ایس ایس پی آپریشنز اسلام آباد نے جوڈیشل کمپلیکس کے منتظم جج کو خط لکھا ہے کہ احتیاطی تدابیر کے تحت 9 مئی تک قیدیوں کو عدالتوں میں پیش نہیں کیا جائے گا۔
مراسلے میں تحریر ہے کہ حکومت نے سرکاری اورعوامی مقامات پراجتماع کم سے کم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں، جوڈیشل لاک اپ میں قیدیوں کی تعداد زیادہ جبکہ جگہ کم اور تنگ ہے۔
مراسلے میں خدشہ ظاہر کیا گیا ہے کہ زیادہ تعداد میں قیدیوں کی موجودگی کرونا وائرس کے پھیلاؤ کا باعث بن سکتی ہے۔
واضح رہے کہ کرونا وائرس کے باعث جوڈیشل کمپلیکس اسلام آباد میں قائم عدالتوں کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں۔ اس سلسلے میں فیڈرل جوڈیشل کمپلیکس کے ایڈمن جج راجہ جواد عباس حسن نے نیا سرکلر جاری کردیا ہے۔یہ اقدام اسلام آباد ہائیکورٹ کی جانب سے نئے شیڈول کے پیش نظر اٹھایا گیا۔
سرکلر میں احتساب عدالت،انسداد دہشتگردی سمیت دیگر عدالتوں کے عملے کو حاضری یقینی بنانےکی ہدایت کی گئی اور کہا گیا کہ لاک ڈاؤن کے باعث جوڈیشل کمپلیکس ملازمین کی اکثریت کو 5 مئی تک چھٹیاں دی گئی تھی، تمام ججزاہم نوعیت کےمقدمات کی سماعت یقینی بنائیں تاہم اس دوران کرونا سے بچاؤ کےحفاظتی انتظامات کا خیال بھی رکھا جائے۔ سماجی فاصلے کے پیش نظر محدود اسٹاف ہی جوڈیشل کمپلیکس ڈیوٹی پر آتا تھا۔
